کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج(منگل)خصوصی ٹرین کے ذریعے کراچی سے لاڑکانہ کے لیے روانہ ہوں گے، وہ راستے میں 25 مقامات پر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔بلاول کے لیے خصوصی ٹرین کے لیے خصوصی سیلون کراچی پہنچ گیاہے،اس خصوصی ٹرین کی سیکیورٹی کے انتظامات بھی خصوصی کیے گئے ہیں۔ریلوے حکام کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے لیے کراچی سے لاڑکانہ تک خصوصی ٹرین چلانے کی درخواست دی گئی تھی، جسے منظور کر لیا گیا۔بلاول بھٹو آج(منگل)صبح کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوں گے، خصوصی ٹرین 10 ڈبوں پر مشتمل ہو گی جس میں ایک خصوصی سیلون، ایک ایئرکنڈیشن سلیپر اور اکانومی کلاس کی 8 بوگیاں شامل ہیں۔بلاول بھٹو کے لیے ریلوے سیلون کراچی پہنچ گیاہے، اس میں بلاول بھٹو زرداری اور ان کا اسٹاف سفر کرے گا، اس سلسلے میں ریلوے پولیس سمیت سندھ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وی وی آئی پیز کو سیکیورٹی فراہم کرنے والے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 50سے زائد افسران و اہلکار چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کے ہمراہ سفر کریں گے جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں، کارکنوں اور میڈیا کی ٹیم بھی خصوصی ٹرین میں سفر کرے گی۔بلاول ہائوس کے ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کراچی سے لاڑکانہ کے سفر کے دوران 25 مقامات پر عوام سے خطاب کریں گے۔وہ 26 مارچ کی رات نوابشاہ میں قیام کریں گے، وہاں سے 27 مارچ کی صبح خصوصی ٹرین براستہ سکھر رات کو لاڑکانہ پہنچے گی، جہاں پیپلز پارٹی کے کارکن بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کریں گے۔