لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)بنگلہ دیش نے کرونا وائرس کے باعث رواں سال4 سے14جون تک ڈھاکہ میں ہونے والا جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ ملتوی کر دیا ہے۔بنگلہ دیش ہاکی حکام کا کہنا ہے کہ ا س وقت جو صورت حال ہے اس میں اس ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہیں اس ٹورنامنٹ کو ملتوی کر رہے ہیں۔بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری مومن الحق کے مطابق ہماری تیاری مکمل ہے مگر موجودہ حالات میں فیڈریشن کی تمام سر گرمیاں معطل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد مہمان کھلاڑیوں کے ایکری ڈیشن اور ویزے کا عمل ہوگا۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے ایونٹ کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ 29 مارچ کو کیا جائیگا تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے چیف کیون رابرٹس کو بھرپور یقین ہے کہ تمام کھیل چند ہفتوں یا مہینوں میں معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔آئی سی سی نے رکن ممالک کے کرکٹ بورڈز کیساتھ ہونے والی ٹیلی کانفرنس کے بعد واضح کردیا ہے کہ آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد کرونا وائرس کے باعث غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔