اسلام آباد (اے پی پی) ترکمانستان، افغانستان، پاکستان بھارت گیس پائپ لائن (تاپی) منصوبے سے گیس کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان، افغانستان اور بھارت مجموعی طور پر 3 ارب 20 کروڑ ایم ایم سی ایف ڈی گیس ترکمانستان سے حاصل کریں گے۔ وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق دسمبر 2015ء میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اور اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں چاروں ممالک کے رہنمائوں نے شرکت کی تھی۔ پاکستان کی حدود میں پائپ لائن بچھانے کے لئے روٹ سروے اور انجینئرنگ ڈیزائن کی تیاری کا آغاز مارچ 2017ء میں کیا گیا تھا۔ تاپی کمپنی نے جرمنی کی کمپنی آئی ایل ایف کو منصوبے کی مینجمنٹ کا ٹھیکہ دیا ہے۔ ترکمانستان اس منصوبے میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جن میں سے 15 ارب ڈالر گیس فیلڈ کی ترقی اور 10 ارب ڈالر پائپ لائن بچھانے پر خرچ کئے جائیں گے۔ 1680 کلو میٹر طویل گیس پائپ لائن منصوبے کو ترکمانستان میں واقعہ گیس فیلڈ سے گیس فراہم کی جائے گی۔