کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ نے 290 وینٹیلیٹر ، 3.2 ملین پرسنل پروٹیکٹو آلات (پی پی ایز) ، 100 ریپڈ کٹ اینٹیجن ٹیسٹ مشینیں ، 100000 ٹیسٹنگ کٹس ، 50 آر ٹی لیمپ ٹیسٹنگ مشینیں اور 10000 آر ٹی لیمپ کٹس اور 29 پورٹیبل ایکس رے مشینیں خریدنے کی منظوری دی ہے تاکہ صوبے میں جانچ کی صلاحیت کو بڑھایا جاسکے۔انہوں نے یہ فیصلہ بدھ کے روز وزیراعلی ہاس میں کوروناوائرس سے متعلق 28 ویں ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا ، مشیر ، چیف سیکرٹری ، آئی جی پولیس ، متعلقہ صوبائی سیکرٹریز ، ڈبلیو ایچ او ، آغا خان ، انڈس اسپتال ، کور 5 ، رینجرز ، پی ڈی ایم اے ، ایف آئی اے ، ایئرپورٹ ، سول ایوی ایشن کے نمائندوں اور ٹاسک فورس کے فوکل پرسن نے شرکت کی۔محکمہ صحت نے بتایا کہ ہمارے پاس صرف 484 وینٹیلیٹرز ہیں ، ان میں سے 353 کام کر رہے ہیں ، 52 خراب ہیں ، 43 ابھی نصب کرنا ہے اور 21 خریدے جارہے ہیں۔ اس پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ہمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 5000 مزید وینٹیلیٹروں کی ضرورت ہے مگر پہلے مرحلے میں انہوں نے 290 مزید وینٹیلیٹروں کی خریداری کی منظوری دی۔وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ چینی سائنس دانوں کا تیار کردہ ریپڈ کٹ اینٹیجن ٹیسٹ مشین(آر کے اے ٹی ایم)میں نمونے جانچنے کا آسان نظام موجود ہے اور یہ ایک بہترین مشینوں میں سے ایک ہے۔ یہ ایک گھنٹے میں 10 ٹیسٹ کرتا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے 100 مشینیں اور ایک لاکھ اینٹیجن ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری دی اور محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ابھی حکم جاری کریں۔ انہوں نے کہا ، میں جلد سے جلد ان کی فراہمی چاہتا ہوں۔وزیر اعلی سندھ نے آر ٹی لیمپ ٹیسٹنگ مشینوں اور 10000 آر ٹی لیمپ کٹس کی خریداری کی بھی منظوری دی اور مشینوں اور کٹس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں ۔وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ صحت کی 7 سہولیات کی جانچ کی مشینیں مہیا کی گئیں ہیں جیسا کہ چیسٹ کلینک لیاری ، ڈی ایچ کیو کشمور ، سول اسپتال کراچی ، تعلقہ اسپتال ہالا ، ڈی ایچ کیو سانگھڑ، ڈی ایچ کیو گھوٹکی اور ڈی ایچ کیو نوشہروفیروز شامل ہیں ۔ یہ صحت کی سہولیات روزانہ 6 بیچز میں 1344 ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔ لہذا ان صحت کی سہولیات کو اگلے 90 دن کے لئے 120960 کٹس کی ضرورت ہے۔وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت نے 3718 ٹیسٹ کیے ہیں ، ان میں سے 3304 منفی قرار دیئے گئے جبکہ 413 کی تشخیص مثبت آئی ہے جبکہ 485 کے نتائج زیر التوا ہیں۔واضح رہے کہ 413 مثبت کیسوں میں سے 145 کا تعلق کراچی سے ، 265 سکھر ، ایک دادو اور2 کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔اور 265 زائرین کے ہیں۔ صوبے میں 94 مقامی منتقلی کے کیسز موجود ہیں۔ اس وقت 10 افراداپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ ملیر میں 100 زائرین کو رکھا گیا ہے اور ان کے نمونے ٹیسٹ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔ 68 کے اب تک نمونے لیے گئے ہیں اور تمام کے تمام منفی پائے گئے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ آئسولیشن مرکز سے منفی قرار دیئے گئے 68کوروناوائرس کے افراد کو ریلیز کردیں لیکن ان کا ڈیٹا ریکارڈ میں رکھیں۔ وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایت پر 2366 نرسوں کو آفر آرڈر جاری کردیا گیا ہے جبکہ 1000 ڈاکٹروں اور 500 لیب ٹیکنیشنوں کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔
کرونا سے متعلق اجلاس، وزیراعلیٰ سندھ نے ایک لاکھ ٹیسٹنگ کٹس و دیگر آلات خریدنے کی منظوری دیدی
Mar 26, 2020