ملتان (نمائندہ نوائے وقت) بہاء الدین زکریا یونیورسٹی شعبہ اورک کے زیر اہتمام فیکلٹی آف فارمیسی اور کیئر کاسمیٹکس کے درمیان ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں ایک دوسرے کے تعاون کے حوالے سے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ کیئر کاسمیٹکس کی جانب سے چیف ایگزیکٹو امجد اقبال اور جامعہ زکریا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے ایم او یو پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی میں تحقیق کو مربوط اور منظم بنانے کیلئے اورک جو خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک طرف فیکلٹی آف فارمیسی پر بھروسہ ہے تو دوسری طرف کیئر کاسمیٹکس کے نام سے توقعات ہیں کہ وہ کم از کم اس شعبہ میں تحقیق و تدریس کیلئے وظائف فراہم کرے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ زکریا کی بہتری اور ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر محمد عزیر اور چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سید نثار حسین شاہ بھی موجود تھے۔