دورہ جنوبی افریقہ،قومی کرکٹرز کی کرونا ٹیسٹنگ کلیئر، آج روانگی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے پاکستانی دستے کی آخری کروناٹیسٹنگ رپورٹ بھی منفی آگئی۔ٹیم کے تمام 35 کھلاڑیوں کی بدھ کی شام کرونا ٹیسٹنگ کرائی گئی تھی جس کی رپورٹ گزشتہ صبح پاکستان کرکٹ بورڈکو موصول ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق تمام کھلاڑی کرونا وائرس اور روانگی کیلئے کلیئر ہیں۔ پاکستانی دستہ آج جمعہ کو خصوصی طیارے کے ذریعے جوہانسبرگ کی اڑان بھرے گا۔ پہلے مرحلے میں تین ایک روزہ میچ2‘ 4اور 7 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد 4 ٹی ٹونٹی میچز طے ہیں۔ا گلے مرحلے میں پاکستانی کھلاڑی جوہانسبرگ سے ہرارے کا سفر کریں گے۔ زمبابوے کیلئے ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ پانے والے باقی کھلاڑی 12 اپریل کو جائیں گے۔فاسٹ بائولر حسن علی نے بھی پاکستانی دستے کے ساتھ جوہانسبرگ کی اڑان بھریں گے،، قومی دستے کی روانگی 8 بجکر 45 منٹ پر طے ہے۔ ذرائع کے مطابق دائیں ہاتھ کے پیسر حسن علی کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ بھی منفی ہے اور وہ پاکستانی دستے کیساتھ جانے کیلئے کلیئر ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی سکواڈ کے تمام 35 ارکان میں 22 کھلاڑی اور13 ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن