پاکستان کی مخالفت پر شرمندہ ہیں بااعتماد قوم پرست رہنما قومی دھارے میں شامل

Mar 26, 2021

قمبر علی خان(نامہ نگار) جیئے سندھ محاذ ضلع قمبرشہدادکوٹ کے ضلعی صدر نصیراحمد، جیئے سندھ متحدہ محاذ تحصیل شہدادکوٹ کے صدر فیاض مگسی اور خالد رحمن کے علاوہ جیئے سندھ محاذ ، جیئے سندھ اسٹوڈنٹ فیڈریشن نوابشاہ یونیورسٹی کے صدر اور ان کے دیگر تمام ساتھیوں نے قمبرپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم پرست جماعتوں جسمم ، جسم اور جسقم (ب) سے ہم اپنی مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں انہوںنے کہاکہ ہمیں سہانے خواب دکھاکرقوم پرستی کی جانب راغب کیا گیا اور اپنے حقوق حاصل کرنے کا جھانسہ دیکر اپنے ملک پاکستان کی مخالفت کرنے پر متحرک کیا گیا اور آہستہ آہستہ یہ مطالبہ ملک مخالف نعروں اور ملک دشمن سرگرمیوں کی صورت اختیار کرتا گیا ، انہوں نے کہاکہ ہم اپنی ماضی کی غلطیوں پر شرمندہ ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھا ہے آج سے ہمارا کسی بھی قوم پرست جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے کوئی بھی فرد یا ریاست قومی دھارے میں رہ کر ہی اپنا مثبت کردار اد ا کرے تو ملک وقوم کو فائدہ ہوگا۔ پریس کانفرنس کے آخر میں انہوںنے قوم پرست جماعتوں سے منسلک نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ بھی ہماری طرح بھٹکے ہوئے راستے کو چھوڑ کر پاکستان کا جھنڈہ اٹھاکر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ مضبوط پاکستان ہی محفوظ سندھ کی ضمانت ہے۔

مزیدخبریں