ملتان(سپیشل رپورٹر‘ خبر نگار خصوصی‘ نمائندوں سے) بلدیاتی اداروں کی بحالی کے فیصلے سے یو سی نمائندوں کے ڈیروں پر جشن منایا گیا‘ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے‘ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے اعلان کے بعد منتخب عوامی نمائندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،چیئرمینوں ، وائس چیئرمینوں اور مسلم لیگ ن کے پارٹی ورکرز کی بہت بڑی تعداد میئر ملتان نویدالحق آرائیں کے گھر پہنچ گئی ، اس موقع پر بلدیاتی نمائندگان اور ورکرز میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے،بعدازاں چیئرمینوں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملتان کے بیشتر چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر میئر ملتان نویدالحق ارائیں کو تجویز پیش کی گئی کہ آج جمعہ کے روز میٹر و پولیٹن کارپوریشن میں اجلاس منعقد کیا جائے اور دفاتر واپس لیے جائیں ،میئر ملتان نویدالحق آرائیں نے چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعدآئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ ملتان سے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی بحالی پر سابق گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی اداروں کو بحال کرکے حکومت کے غیر قانونی اقدام کو کالعدم قرار دیاہے اور یہ حکومت کیلئے باعث شرمندگی ہے اور انکی سبکی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسے اوچھے ہتھکنڈے عوام کے منتخب نمائندوں کیخلاف استعمال نہیں کرنے چاہئے اس موقع پر ملک آصف رفیق رجوانہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو 21 ماہ پہلے تحلیل کرنا غیر آئینی اقدام تھا بلدیاتی اداروں کی بحالی سے عوام کو سکھ کا سانس ملے گا۔دریں اثناء یونین کونسل نمبر 54 کے چیئرمین حاجی رانا سجاد کی رہائش گاہ پر بلدیاتی ادارے بحال ہونے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حق نواز، رانا حبیب، رانا فرمان، رانا محمود علی، صادق بلوچ و دیگر اہل علاقہ موجود تھے۔ رانا سجاد نے کہا جیت حق اور سچ کی ہوئی ہم سپریم کورٹ کے فیصلہ کو سراہتے ہیں اور اعلیٰ عدلیہ کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں اس موقع پر اہل علاقہ نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ ملتان سے خبر نگار خصوصی کے مطابق وہاڑی سے نامہ نگارکے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب بھر میں بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے کی خبر ملتے ہی پبلک سیکٹریٹ میں ن لیگ کے کارکنوں نے خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کیں اسی موقع پر ایم پی اے میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے میاں نواز شریف کے بیانیے کو تقویت ملی ہے بلدیہ چیئرمین نادر علی بھٹی نے کہا کہ جب سے بلدیاتی اداروں کو ختم کیا گیا عوام کے مسائل بڑھے ہی ہیں مگر اب پھر سے عوام کی حکمرانی ہوگی اس موقع پر لیگی رہنما میاں آصف خورشید،نیرب خورشید،سابق نائب ناظم چوہدری سعید انور،شیخ ظفر شہزاد، حسن اقبال، ممبر ضلع کونسل اختر نواز بھٹی کے علاؤہ دیگر کارکن بھی موجود تھے۔ جہانیاں سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سپریم کورٹ کی طرف سے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے فیصلہ کے بعد ٹھٹھہ صادق آباد نواح کی 8 یونین کونسلوں کے چیرمین وائس چیئرمین کونسلرز بھی بحال ہوچکے ہیں، جس کے بعد بحال شدہ چیرمین وائس چیئرمین کونسلرز کے حامیوں سپورٹران ووٹران کی طرف سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا فیس بک واٹس ایپ پر تہنیتی پیغامات ٹاپ ٹرینڈ بن گئے، جبکہ بعض حامیوں سپورٹران کی طرف سے بحالی کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔دھنوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بلدیاتی اداروں کی بحالی حق کی فتح ہے۔ بلدیاتی نمائندگان کی بحالی سے بنیادی سطح پرمسائل کا حل اور ترقیاتی کام بہتر طریقے سے ہو سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہارسعید احمد بھٹہ نائب صدرلیبر ونگ وسیب اتحاد دھنوٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے میاں ولی محمد کاشف چیئرمین یونین کونسل دھنوٹ ،رانا عابد علی وائس چیئرمین یونین کونسل دھنوٹ اور کونسلرز کو بلدیاتی ادارے بحالی پر مٹھائی تقسیم کی۔ اس موقع پر محمد اکرم صدیقی،محمد اکرم ڈرائیور،میاں محمد ندیم قریشی جبلہ،حاجی ملک محمد ابراہیم لودھرا و دیگر موجود تھے۔کبیروالا سے نامہ نگارکے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے فیصلے پر کبیروالا شہر اور گردنواح میں سابق بلدیاتی اداروں کے سربراہوں اور کونسلروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ بحال شدہ میونسپل کمیٹی کبیروالا کے چیئرمین اطہر یوسف خان بھٹہ،وائس چیئرمین ملک طاہر شفیق اور یونین کونسل حشمت مرالی کے جنرل کونسلر صداقت حسین بھٹی نے سپریم کورٹ کی جانب سے بلدیاتی اداروں کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ میاں چنوں سے نامہ نگارکے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر بلدیاتی نظام کی بحالی کے بعد پنجاب بھر کی طرح میاں چنوں میں بھی چیئرمین وائس چیئرمین اور کونسلرز کو دوست احباب کی جانب سے تہنیتی پیغام دینے کا سلسلہ جاری رہا۔ قطب پور سے نامہ نگارکے مطابق عدلیہ کی جانب سے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے فیصلے کے بعد عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔شہریوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کر کے عدلیہ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا۔خوشحال سوسائٹی کے صدر رائو محمد حسن ایڈووکیٹ،رہنما انجمن تاجران رائو محمد یونس،علائوالدین ہاشمی،محمد شکیل شاہ،سیاسی و سماجی کارکن ڈاکٹر اشرف علی،رانا محمد رمضان،محمد رفیق پاشا و دیگر نے بلدیاتی نمائندے فاروق ندیم ہاشمی کو ہار پہنا کر مبارکباد پیش کی اور مٹھائی تقسیم کی ۔ بورے والا سے تحصیل رپورٹرکے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق بلدیا تی نمائندوں کی بحالی کے بعد بورے والا میں چوہدری عاشق آ رائیں بطورچیئر مین میو نسپل کا رپوریشن جبکہ حا جی افتخار احمد بھٹی بطور وائس چیئر مین بحال ہو گئے ہیں جس پر شہر کے سیاسی و سماجی حلقوں سمیت تمام مکتبہ فکر کی جانب سے اظہار مسرت کیا جا رہا ہے۔ ٹاٹے پور سے نامہ نگار کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر بلدیاتی نظام کی بحالی کے بعد پنجاب ھبر کی طرح ٹاٹے پور و دیگر یونین کونسل میں چیئرمین وائس چیئرمین اور کونسلرز کو دوست احباب کی جانب سے اظہار مسرت کیا گیا۔ کرم پور سے نامہ نگار کے مطابق یوسی چیئرمینز عرفان اقبال بورانہ،رائو طارق محمود،میاں آفتاب بورانہ،اختر نواز بھٹی،عبدالقیوم کچھی،نواب عتیق احمد خاکوانی،رائو محمد سلیم،کے ڈیروں پر بلدیاتی نمائندے بحال ہونے پر جشن منایا گیا ۔اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔ چوک میتلاسے نامہ نگارکے مطابق علاقوں کی یونین کونسلوں کے چیئر مین ، وائس چیئر مین اور کونسلروں نے سیدالطاف حسین شاہ ، ملک فاروق احمد کھوکھر ، چوہدری سعید کمبوہ ، ملک لطیف چوہدری ، اجمل خان سگو سمیت دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکو مت منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز زیادہ سے زیادہ جاری کرے تاکہ عوامی مسائل مزید بہتر انداز میں حل ہوسکیں ۔ لودھراں سے خبر نگارکے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن شہید کانجو گروپ اور مرکزی انجمن تاجران کے عہدیداران نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے فیصلہ کے بعد لودھراں ریلوے چوک میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور بھنگڑے ڈالے۔ کارکنوں نے چیئرمین میونسپل کمیٹی لودھراں شیخ افتخار الدین تاری کا ریلوے چوک میں استقبال کیا راؤ سلطان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور مٹھائی تقسیم کی ان کے ہمراہ مرکزی انجمن تاجران کے صدر ملک اصغر آرائیں، سرپرست چوہدری عبدالرزاق جٹ، طاہر جاوید بھٹی، راؤ سلیم ببلی، حاجی عبدالغنی، ملک سعید، رانا حاجی الطاف خاں، راؤ افضل قادری، راؤ نوید، مشتاق بھٹی، چوہدری عبدالرشید،خواجہ یٰسین، حافظ شیر محمد، سید محمد شاہ، شیخ لڈو، طارق بھٹی، ملک عبدالقادر و دیگر نے ریلوے چوک میں جشن منایا۔گگو منڈی سے نامہ نگارکے مطابق سپریم کورٹ آ ف پاکستان کی طرف سے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے فیصلہ پر اعلیٰ عدلیہ کے شکر گزار ہیں ان خیالات کا اظہار چیئر مین ضلع کونسل وہاڑی پیر غلام محی الدین چشتی نے کیا انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے لیے منتخب ہونے والے اداروں کو ایک سال بعد ہی تحلیل کر دینا پنجاب کے عوام سے سخت زیادتی تھی۔