وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بے سمت دوڑنے والا سیاسی ہجوم ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن)کے رکن صوبائی اسمبلی اشرف انصاری نے ملاقات کی، جس میں یونس انصاری اور طاہر بشیر چیمہ بھی موجود تھے۔ اشرف انصاری اور یونس انصاری نے گوجرانوالہ کے لئے اربوں روپے کا ترقیاتی پیکیج دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کا منفی بیانیہ عوام نے مسترد کر دیا، پی ڈی ایم مکافات عمل کا شکار ہو کر ٹوٹ چکی، پی ڈی ایم بے سمت دوڑنے والا سیاسی ہجوم ہے،اس موقع پر اشرف انصاری نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر کے گوجرانوالہ کے لوگوں کے دل جیت لئے، آپ کی قیادت میں گوجرانوالہ ترقی کرے گا اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، شہر کی صفائی کے لئے جی ڈبلیو ایم سی کو 106 گاڑیاں فراہم کرنا قابل تحسین ہے۔یونس انصاری نے کہا کہ ماضی میں گوجرانوالہ کی صفائی اور دیگر بنیادی مسائل کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، گوجرانوالہ کو لاہور سیالکوٹ موٹروے سے منسلک کرنے سے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا، ہمیں آپ کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے.