سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیر میںقابض بھارتی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مجاہدین کو پناہ دینے اور تحریک آزادی کی حمایت کرنے والے لوگوں کی املاک غیر قانونی سرگرمیوں کے کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘کے تحت ضبط کر لی جائیں گی۔ انتظامیہ نے مجاہدین کو پناہ دینے اور جاری تحریک آزادی کے حوالے سے اجلاسوں کے انعقاد کیلئے استعمال ہونے والے مکانات کو ضبط کرنے کا عمل سرینگر میں شروع کر دیا ہے۔ سری نگر کے ایس ایس پی راکیش بلوال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ جن مکانات میں فورسز اور مجاہدین کے درمیان تصادم ہو اور وہ مکانات جہاں عسکریت پسند پناہ لیں ضبط کرلیے جائیں گے۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرائے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمانعیم احمد خان نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو قتل و غارت، غیر قانونی نظربندیوں اور خواتین کی عصمت دری کے ذریعے کبھی بھی کچلا نہیں جا سکتا۔
مجاہدین کو پناہ دینے والوں کی جائیدادیں ضبط ہونگی ، انتظامیہ کی واننگ
Mar 26, 2022