چینی صدر کا جنوبی کوریا کے نو منتخب صدرکے ساتھ فون پر تبادلہ خیال

Mar 26, 2022

بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے جنوبی کوریا کے نو منتخب صدر یون سک یول کے ساتھ فون پرتبادلہ خیال کیا ہے۔جمعہ کی سہ پہر فون پر ہونے والی بات چیت میں شی نے ایک بار پھر یون کو جنوبی کوریا کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔صدر شی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ چین اور جنوبی کوریا مستقل قریبی پڑوسی ممالک ہیں جو ایک دوسرے سے دور نہیں جاسکتے، دونوں ممالک لازم و ملزوم شراکت دار بھی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ چین ہمیشہ جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔چینی صدر نے کہا کہ  مشترکہ کوششوں سے دوطرفہ تعلقات تیزی سے ہمہ جہت ترقی کر چکے ہیں اور اس وقت دونوں ممالک اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔صدر شی  نے مزید کہا کہ حقائق سے ثابت  ہواہے کہ چین اور جنوبی کوریا کے تعلقات میں بہتری  دونوں ممالک اور ان کے عوام کے بنیادی مفادات کے مطابق ہے جس سے علاقائی امن اور ترقی کو فروغ  ملا ہے۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ رواں سال دو طرفہ سفارتی تعلقات کی 30ویں سالگرہ ہے، شی نے کہا کہ دونوں ممالک کو اس موقع کو باہمی احترام برقرار رکھنے، باہمی سیاسی اعتماد کو مضبوط بنانے، عوام کے درمیان دوستی کو فروغ اور چین-جنوبی کوریا تعلقات میں  مستحکم اور طویل مدتی ترقی کو آگے بڑھانے کے طور پر لینا چاہیے۔ شی نے  کہا کہ اس وقت بین الاقوامی برادری کو کئی ایک چیلنجز کا سامنا ہے اور یہ کہ  چین اور جنوبی کوریا پر علاقائی امن کو برقرار رکھنے اور عالمی خوشحالی کو فروغ دینے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

مزیدخبریں