تشدد کیس، عثمان مرزا، پانچ ساتھیوں کو عمر قید،دوملزمان بری


اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے تشدد اور ویڈیو سکینڈل کیس میں عثمان مرزا اور پانچ ساتھیوں کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی کی عدالت نے نازیبا ویڈیو بنانے، تشدد اور بلیک میلنگ کیس کے مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت ملزمان محب بنگش، ادارس قیوم بٹ، حافظ عطا الرحمن اور فرحان شاہین کو عمر قید کی سزا سنائی ہے جبکہ دو ملزمان کو بری کر دیا گیاکیس کی سماعت شروع ہوئی تو ملزم فرحان شاہین اور ان کے وکیل ملک اخلاق اعوان  عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ملزم سے استفسار کیا بتاو بھی کیا ہوا تھا، کیا تم موقع پر موجود تھے۔ ملزم نے اپنے وکیل کی طرف دیکھا تو جج عطا ربانی نے کہا وکیل کو مت دیکھو مجھے بتاو وکلا نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا۔ملزم فرحان شاہین نے کہا میں بیگناہ ہوں اور موقع پر نہیں تھا۔ عدالت نے کہا اگر نہیں تھے تو جاو تم نے بات ہی ختم کر  دی، ملزم کو واپس لے جائیں۔ملزم عطا الرحمن عدالت میں پیش ہوئے تو جج نے استفسار کیا آپ بتاو آپ نے چابیاں دی تھیں؟ پھر آپکو ملوث کیوں کیا گیا ہے؟ ملزم نے کہا عثمان کے ساتھ سلام دعا تھی اور میں پراپرٹی کا کام کرتا ہوں۔جج نے ملزم سے کہا وقوعہ کے بعد آپ نے پولیس کو کیوں نہیں بتایا، آپ کے حفظ کا کیا فائدہ؟ ملزم کی موجودگی میں اس کی ویڈیو عدالت میں چلائی گئی اور جج نے پولیس کو ہدایت کی ٹھیک ہے ملزم کو بھی واپس لے جاو ملزم محب بنگش عدالت میں پیش ہوئے تو عدالت نے پوچھا آپ وہاں کیا لینے گے تھے؟ جس پر ملزم نے کہا وقوعہ والے دن میں گیا ہی نہیں گھر پر تھا۔ عدالت نے کہا اس کی ویڈیو دکھاو اور پولیس سے کہا باقی جو رہ گے ہیں انکو اکٹھے ہی بلا لو، مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت دو ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تو جج نے استفسار کیا عثمان مرزا کیا مسئلہ تھا ویڈیو کیوں بنائی تھی؟ ملزم عثمان مرزا نے کہا مجھے ویڈیو کا علم ہی نہیں عدالت نے کہا اس کا چہرہ فرنٹ پر کر کے اس کو دکھاو آپ انکے چہرے پکڑ کر کیمرے کی طرف کر رہے ہیں۔ عثمان مرزا نے کہا یہ ویڈیو ہمارے مخالفوں نے بنائی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا مخالفت تو کاروبار میں ہوتی ہیں لیکن ویڈیو کیوں بنائی؟ اس کے بعد پولیس کو ان ملزمان کو باہر لے جانے کی ہدایت کی اور ملزمان عمر بلال اور ریحان حسین عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عثمان مرزا سمیت پانچ ملزمان کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا۔ملزم عثمان مرزا، محب بنگش، ادارس قیوم بٹ، حافظ عطا الرحمن اور فرحان شاہین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی جبکہ ملزمان عمر بلال اور ریحان حسین کو بری کر دیا۔عدالت نے 19 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنا دیا گیا

ای پیپر دی نیشن