وزرا ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں پوری قوم عمران کیساتھ ، کل جلسہ ریفرنڈم ہوگا : عثمان بزدار 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور  ارکان پنجاب اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جس میں سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ  نے منتخب نمائندوں کو ان کے حلقوں کے مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔  صوبائی وزراء  اور  ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ  پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے  کہا کہ ترقی مخالف عناصر پراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور مخالفین بے بنیاد الزامات کی سیاست۔ ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں۔  عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔ عمران خان نے قوم کوعزت سے جینا سکھایا ہے اور پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔  27مارچ کا جلسہ اپوزیشن کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن انتشار کی سیاست کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہے۔  اپوزیشن کی جانب سے سیاسی انتشار پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔ شکست اپوزیشن کا مقدر ہے۔ قوم کل بھی عمران  کے سا تھ تھی، آج بھی ہے اورکل بھی رہے گی۔ 27 مارچ کا جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بدل دے گا۔ اسلام آباد کا جلسہ پاکستان کی سیاست میں ایک نیا موڑ ثابت ہوگا۔ جنوبی پنجاب صوبے کا بل تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز اقدام ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کا بل ہماری حکومت کے ایک اور وعدے کی تکمیل کی جانب ٹھوس قدم ہے اور انشاء اللہ پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنائے گی۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام اور مکمل خود مختاری کا اعزاز بھی ہماری حکومت کو حاصل ہے۔  جنوبی پنجاب کے لئے ملازمتوں میں 32 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے اور  مخالفین کی جنوبی پنجاب پر سیاست چمکانے کی کوشش بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ عثمان بزدار نے لاہور رائے ونڈ روڈ  پر بچوں سے زیادتی اور ویڈیوز بنانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا کہ مکروہ دھندے میں ملوث ملزموں  کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ عثمان بزدار نے سابق صدر پریس کلب ملتان و سینئر صحافی غضنفر شاہی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن