وہاڑی /بوریوالہ(کورٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج فرسٹ محمد یونس عزیز نے تھانہ صدر بوریوالہ کے مشہور زمین کے تنازعہ پر دو افراد قتل اور دورانِ قبضہ لڑائی میں مضروب ہونے والے افراد کے الزام میں دونوں فریقین کی مدعیت میں درج ہونے والے مقدمہ کے ملزمان کے کیس کی سماعت کرکے فیصلہ سنا دیا دونوں فریقین کے دودرجن کے قریب ملزمان کو بری کردیا۔ تفصیل کے مطابق ملزمان سہیل اختر، محمود اختر، جاوید، مقصود وغیرہ کے ہمراہ دیگر ملزمان محمد عاشق،عمران اسلحہ، ڈنڈوں اور سوٹوں سمیت 16ملزمان آگئے اور للکارا کہ آج انکو مقدمہ بازی کا مزہ چکھا دو اور فائرنگ کرکے محمد شریف اور محمد اسلم کو قتل کردیاجبکہ دیگر کو مضروب کردیا تھا۔ مقدمہ کے ملزمان میں بوریوالہ بار کے سینئرایڈووکیٹ جس میں چوہدری مقصود احمد ایڈووکیٹ اور پی ٹی آئی کے موجودہ ایم پی اے چوہدری اعجاز سلطان بندیشہ بھی نامزد تھے۔ تفتیش مکمل کرکے فاضل عدالت بھجوا دی‘ جس میں پولیس انکوائریوں میں ایف آئی آر میں فریق اول کا موقف میں تضادثابت ہونے پر فریق دوئم کے ملزمان کو بے گناہ کردیا جبکہ دوسرے فریق کے مدعی کی کراس ورشن درست ثابت ہونے پر فریق اول کے خلاف چالان پیش کردیا۔ جس پر مقتول محمد اسلم کی ہمشیرہ مسماۃ بہشتاں بی بی دختر اللہ دتہ نے ایف آئی آر خارج ہونے پر فاضل عدالت دوسرے فریق کے ملزمان کے خلاف استغاثہ دائر کر رکھا تھا تاہم فاضل عدالت نے پولیس انکوائریوں، حملہ آور پارٹی اور جائے موقعہ میں تضاد ثابت ہونے، وقوعہ پر زخمی ہونے والے افراد کی موثر شہادت نہ دینے،اور دونو ں جانب سے ہونے والی اندھادھند فائرنگ سے قتل اور زخمی کرنے والے افراد کا تعین نہ ہو نے پر دونو ں فریقین کے ملزمان کو بری کر دیا۔
اراضی تنازعہ ، دو افراد قتل کیس ، فریقین کے بیسیوں ملزمان بری
Mar 26, 2022