اسلام آباد (این این آئی، آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مانسہرہ میں عمران خان کا جلسہ دیکھیں اپوزیشن والوں کی کانپیں ابھی سے ٹانگ رہی ہیں۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پلاسٹک کی گڑیا نے تین درجن لوگوں کو کھانے کی دعوت دے کر خطاب کیا، یہ حالات ہیں ان کے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ان شاء اللہ اگلے مہینے ان چوہوں کی دکان مکمل بند ہو جائے گی۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت متفق تھے کہ معاملہ آئین اور قانون کے مطابق چلے گا، ابھی تو سرپرائزز آنا باقی ہیں، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔ وزیراعظم عمران خان کہہ چکے ہیں آخری پتا ہم نے کھیلنا ہے، جن لوگوں کو خیال تھا کہ عمران خان کو گرا دیں گے انہیں ایک ہفتے میں پتہ چل جائے گا۔ ایک سرپرائز آج ملا، دوسرا 27مارچ کو ملے گا، اگلے 48 گھنٹے میں اتحادیوں کی طرف سے اعلان ہونے کا امکان ہے، لاکھوں لوگ جب نکلتے ہیں تو اس کا اثر ہی کچھ اور ہوتا ہے۔ فواد چوہدری نے عثمان مرزا کیس پر بھی ٹویٹ کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ عثمان مرزا کیس میں متاثرہ لڑکی اور نوجوان کے منحرف ہونے کے باوجود عمر قید کی سزا جدید ٹیکنالوجی کی بطور شہادت قبولیت کی انتہائی خوش آئند ہے۔ سیالکوٹ اور دیگر مقدموں میں بھی انصاف کے قریب ہیں۔
اپوزیشن والوں کی کانپیں ابھی سے ٹانگ رہی ہیں: فواد چودھری
Mar 26, 2022