کراچی (نیوز رپورٹر) ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام کریم وطن واپس پہنچ گئے۔ سندھ ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی جام کریم کی 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ قتل کیس میں نامزد جام کریم کو اعلیٰ قیادت نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے کے لئے وطن واپس طلب کیا ہے۔ ناظم جوکھیو قتل کیس میں مقدمہ درج ہونے پر جام کریم دبئی چلے گئے تھے۔ جام کریم کی ضمانت پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ کوئی شرم ہوتی کوئی حیا ہوتی ہے۔ جبکہ معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ جام کریم کا نام ای سی ایل میں ڈلوائیں گے تاکہ وہ دوبارہ فرار نہ ہوسکیں۔