ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے پیش کئے گئے آئینی ترمیمی بل کی حمایت کریں، صوبے کے قیام کیلئے ہم نے دوسری جماعتوں کی طرح آنسو نہیں بہائے، عملی اقدامات کرکے دکھائے ہیں، وزیراعظم کے خلاف حزب اختلاف کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آئینی ترمیمی بل کو پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس بل کا جائزہ لے کر اس کی منظوری دی جس کے بعد سرکولیشن کے ذریعے کابینہ ممبران سے اس کی منظوری لی گئی، جنوبی پنجاب صوبے کا قیام تحریک انصاف کے انتخابی منشور کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 28 مارچ کو قومی اسمبلی کے ایجنڈے پر جنوبی پنجاب صوبے کا آئینی ترمیمی بل لایا جا رہا ہے، یہ جنوبی پنجاب کے تین چار کروڑ لوگوں کیلئے خوش آئند پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے۔ یوسف رضا گیلانی کو اگر صوبہ چاہئے تو وہ ہمارے اس بل کو ووٹ دیں، اگر وہ مخلص ہیں تو مگرمچھ کے آنسو بہانے کی بجائے سنجیدگی سے اس ترمیم پر ہمارا ساتھ دیں، آپ نے بحیثیت وزیراعظم جنوبی پنجاب کے عوام کو لولی پاپ دیا۔
اپوزیشن جماعتیں جنوبی پنجاب صوبے کیلئے آئینی ترمیمی بل کی حمایت کریں:شاہ محمود
Mar 26, 2022