عمران خان کو کہا ہے کہ بجٹ منظور کرانے کے بعد عام انتخابات کرادیں، شیخ رشید

Mar 26, 2022 | 14:20

ویب ڈیسک

 28مارچ کو قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تو وہ دن شمار نہیں ہوگا ، 3یا 4اپریل کو تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری ہوگی، ہماری کوشش ہے کہ یہ 7دن خوش اسلوبی سے گزریں، اپوزیشن نے غلطی کی تو اس کی سزا بھی بھگتیں گے، اسلام آباد میں امن و امان کے لیے 15ہزار اہلکار تعینات کیے ہیں، سری نگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کردیا ہے، وزارت داخلہ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ آرٹیکل 245کے تحت اسلام آباد میں فوج طلب کرسکتی ہے، اپوزیشن کی وجہ سے عمران خان اس وقت عوام میں مقبولیت کی تاریخی سطح پر موجود ہیں، قانون کے مطابق جام عبدالکریم کو عدالت سے ضمانت لینی چاہیے تھی، اب ہم انہیں ائیرپورٹ سے گرفتار کریں گے،جام عبدالکریم کا نام انٹرپول میں بھی ڈلوائیں گے، وفاقی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو کہا ہے کہ بجٹ منظور کرانے کے بعد عام انتخابات کا اعلان کردیں۔ وزیر داخلہ نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی پاکستان آمد پر انہیں گرفتار کرنے اعلان بھی کیا، ہفتہ کواسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ 28مارچ کو قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تو وہ دن شمار نہیں ہوگا یعنی 3یا 4اپریل کو تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری ہوگی، ہماری کوشش ہے کہ یہ 7دن خوش اسلوبی سے گزریں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگ بوکھلائے اور گھبرائے ہوئے ہیں ، اتوار کو تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہوگا لیکن لوگوں کو آنے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، اپوزیشن نے غلطی کی تو اس کی سزا بھی بھگتیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کے لیے 15ہزار اہلکار تعینات کیے ہیں، سری نگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کردیا ہے، وزارت داخلہ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ آرٹیکل 245کے تحت اسلام آباد میں فوج طلب کرسکتی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھیں اور ہم امن و امان برقرار رکھنے کے پابند ہیں، عدالت کے احکامات پر ہم سختی سے عمل کریں گے، ہر شخص ہمارے لئے قابل عزت ہے لیکن کسی نے قانون اور امن و امان کو ہاتھ میں لیا تو قانون انہیں اپنے ہاتھ میں لے گا، کسی نے اسلام آباد میں دھرنا دیا تو وہ دھر لیا جائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی وجہ سے عمران خان اس وقت عوام میں مقبولیت کی تاریخی سطح پر موجود ہیں۔ عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئندہ مالی سال کے لیے عوام کو ریلیف کا تریخی بجٹ منظور کرائیں اور پھر وقت سے پہلے عام انتخابات کی جانب جائیں، وزیر اعظم مشوروں پر عمل کرتے ہیں یا نہیں یہ ان پر منحصر ہے، عمران خان کو پہلے بھی سندھ میں گورنر راج لگانے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے مسترد کردیا۔شیخ رشید نے کہا کہ اب تک کوئی بھی حکومت اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرسکی، اپوزیشن کی وجہ سے ہم اتنا وقت حکومت میں رہے ہیں، اپوزیشن کی نااہلی کے وجہ سے ہی ہماری دوبارہ اقتدار میں آنے کی امید پیدا ہوگئی ہے، اسی لئے میں عمران خان کو قبل از وقت انتخابات کا کہہ رہا ہوں۔شیخ رشید نے کہاکہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کو دبئی سے لایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق جام عبدالکریم کو عدالت سے ضمانت لینی چاہیے تھی، اب ہم انہیں ائیرپورٹ سے گرفتار کریں گے، ڈی جی ایف آئی اے کو کہا ہے کہ جام عبدالکریم کو گرفتار کیا جائے، سندھ پولیس کے آئی جی کو بھی ہدایت کی ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تو جام عبدالکریم کو گرفتار نہیں کرے گی کیونکہ انہیں ووٹ چاہئیں، ہم جام عبدالکریم کا نام انٹرپول میں بھی ڈلوائیں گے۔

مزیدخبریں