غیر ملکی قوتیں عمران خان کی کھلی حمایت کر رہیں ؟ تحقیقات ہونی چاہیئے : شرجیل میمن 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، اس سازش میں جو لوگ استعمال ہو رہے ہیں وہ پاکستانی ہیں، اس ملک کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر اسرار احمد اور مرحوم عبد الستار ایدھی پاکستان کے غیر جانبدار شخصیات تھیں جنہوں نے عمران خان کی اصلیت وزیراعظم بننے سے بہت پہلے عیاں کردی تھی ، انہوں نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر اسرار احمد نے واضح طور پر بتادیا تھا کہ عمران خان اسرائیل اور یہودیوں کے اشاروں پر چل رہے ہیں ، جبکہ عبدالستار ایدھی بھی عمران خان کی سازشوں کی نشاندہی کر چکے تھے کہ وہ کس طرح شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی حکومت گرانے کے لیے ان کے پاس حمید گل کے ساتھ آئے تھے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات نے میڈیا کو ڈاکٹر اسرار احمد اور عبدالستار ایدھی کی ویڈیوکلپس دکھائیں ۔انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی متعدد بار غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات میں ملوث رہے ہیں، ان کا مواخذہ ہونا چاہیے، لیکن اس کے لئے اسمبلی میں نمبرز کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے ایک ہونا پڑےگا ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سازشوں میں اندرونی لوگ استعمال ہو رہے ہیں عمران خان یہودی لابی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں یہ لارجر گیم ہے ، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ارشد شریف نے بھی اپنے پروگرام میں عمران خان کی فارن فنڈنگ پر سوالات اٹھائے تھے اور پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیل سے ملنے والی فنڈنگ کے شواہد اپنے پروگرام میں دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ ان سب چیزوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے ، عوام سوچیں ہمارے لئے سب کچھ ہمارا ملک ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف زلمے خلیل زاد اور دیگر کے بیانات کی سخت مذمت کرتے ہیں، اس معاملے پر وزارت خارجہ نے مناسب جواب دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی غیر ملکی قوتیں مداخلت کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے، انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت فوڈ انسپکٹرز اور محکمہ سپلائی اینڈ پرائسزکنٹرول کے افسران اشیاءکی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹے پر ٹارگٹ سبسڈی دی جا رہی ہے ، بی آئی ایس پی اور متعلقہ بینک اس پر کام کر رہا ہے ، اس وقت تک 23 لاکھ افراد کا ڈیٹا آگیا ہے ، مجموعی طور پر 78 لاکھ خاندانوں کو آٹے کی خریداری کی مد میں رقوم دی جا رہی ہیں ، اس کا آغاز جلد ہوجائے گا ۔

ای پیپر دی نیشن