اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) آل پاکستان انجمن تاجراں اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ سیکرٹری و کنونیئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری ، نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر ساجد عباسی اور ٹریڈرز ایسوسی ایشن آئی نائن مرکز کے جنرل سیکرٹری ولید خالد نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے غریب آدمی فروٹ خریدنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا بلکہ اب تو دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ حکومت نے گیس کا ٹیرف ریسٹورنٹس کے لئے بڑھا دیا ھے جبکہ نان بائی ا ےسوسی ایشن مطالبہ کرتی ھے کہ گیس ٹیرف ریسٹورنٹ کے لئے بھی تندور کے برابر کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے گندم کی خریداری شروع کی ہوئی ھے لیکن زمیندار حکومتی ریٹ پر گندم فروخت کرنے کے لئے تیار نہیں ،مارکیٹ میں گندم 5400 روپے فی من فروخت ہو رہی ھے یہی وجہ ہے کہ مارکیٹ میں آٹا مہنگا ہو گیا ہے اور فلور ملز کا کوٹہ بھی کم ہو گیا ہے ۔ حکومت نے مفت آٹے کے چکر میں آٹے کی سبسڈی بھی ختم کردی جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلہ مارکیٹ میں پانچ سو روپے مہنگا ہو گیا ایسی صورت میں روٹی کی قیمت تیس سے پینتیس روپے ہو جائے گی۔ جو کہ عام اور غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہو جائے گی۔ حکومت روٹی کی قیمت اعتدال پر لانے کے لئے اقدامات کرے اور گیس پر یکساں سبسڈی دے۔