حکمرانوں نے عام آدمی سے سحر ، افطار کا سامان بھی چھین لیا:سعد رضوی

Mar 26, 2023


لاہور(خصوصی نامہ نگار)سربراہ ٹی ایل پی حافظ سعد رضوی نے کہا ہے کہ عیاش حکمرانوں نے رمضان المبارک میں عام آدمی سے سحر اور افطار کا سامان بھی چھین لیا۔ سیاسی کشتی میں لاکھوں طلبہ ملک چھوڑ کر جاچکے جبکہ حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ ذہین اور قابل نوجوانوں کی بڑی تعداد مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ انجمن طلبہ اسلام کے وفد نے مرکزی صدر مبشر حسین کی قیادت میں امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی سے لاہور میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کامران رضوی ، سیکرٹری اطلاعات سید حسنین شاہ ، سابق ناظم پنجاب راشد مغل ، محمد ہارون رشید و دیگر شامل تھے۔ سربراہ ٹی ایل پی حافظ سعد رضوی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے ٹی آئی کے کارکنان اہلسنت کا اثاثہ ہیں۔ انجمن کی نصف صدی پر مشتمل جدوجہد محبت رسولؐ کے فروغ کیلئے تھی ، تعلیمی اداروں کو اسلامی تعلیمات کے تابع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ تعلیمی نصاب اور نظام دونوں مغربی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ہے، تعلیمی اداروں کا غیر اسلامی ماحول نوجوان نسل کو دین سے مسلسل دور کررہا ہے۔ اسلام پسند نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بے حیائی کے خاتمے کیلئے تربیت کا اہتمام کریں۔

مزیدخبریں