لاہور(خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اجازت ملنے کے بعد آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی نے میرٹ کے مطابق 64 سینئر کلرکوں اور 49 جونیئر کلرکوں کو اگلے عہدوں میں ترقی دینے کی منظوری دیدی۔اسسٹنٹ کے عہدوں پر ترقی پانے والے سینئر کلرکس میں شفقت علی، خادم حسین، عدیل حسین، ظفر عباس اور سجاد حسین، محمد سلیم، محمود سلطان اور مبشر حسین ہاشمی سمیت دیگر شامل ہیں جنہیں میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق سینئر کلرک سے اسسٹنٹ کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔ اسی طرح سینئر کلرک کے عہدوں پر ترقی پانے والے 49 جونیئر کلرکس میں معراج دین، لقمان شہزاد، شمشیر عالم، ماجد محمود اور ساجد علی بخاری سمیت دیگر شامل ہیں۔ اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی عمارہ اطہر نے ترقی پانے والے ملازمین کے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردئیے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو اپنے ریجنز اور اضلاع میں پروموشن بورڈ اجلاس فوری منعقد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریجنل اور ضلعی سطح پر پروموشن بورڈ اجلاسوں میں ترقی پانے والوں کے نوٹیفکیشنز جلد از جلد سنٹرل پولیس آفس بھجوائے جائیں۔ میرٹ کے مطابق ترقی کے اہل تمام پولیس ملازمین کو انکا جائز حق بلا تاخیر دیا جائیگا۔