گوجرانوالہ ( نمائندہ خصوصی )ڈپٹی کمشنرفیاض احمد موہل نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کورمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت کریک ڈاﺅن کا حکم دے دیا، ڈپٹی کمشنرفیاض احمد موہل نے کہا کہ جائزمنافع ہر دوکاندار، تاجرکاحق لیکن صارفین کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا، پرائس مجسٹریٹس ماہ مبارک میں کارروائیاں مزیدتیز کریں اورجواعشارئیے حکومت پنجاب نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے مقرر کئے ہیں انکا حصول یقینی بنائیں۔ یکم مارچ سے اب تک کی پرائس کنٹرول رپورٹ کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے مارکیٹوں کے دورے کیے گئے اور 16 ہزار 6 سو 31 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں،جن میں 528خلاف ورزیاں پائی گئیں ان کارروائیوں کے دوران ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اور مہنگے داموں اشیائے خورونوش فروخت کرنےوالے 611 افراد کو 21 لاکھ 48 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے، 5 دکانوں کو سیل اور 5 افراد کےخلاف مقدمات کا اندراج کرایا گیا اور 30افراد کو حوالہ پولیس کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک رہنے کے ساتھ ساتھ شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنی شکایات قیمت ایپ پنجاب پر درج کروائیں جس سے صارفین کو مجسٹریٹس کی طرف سے فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔