لاہور: تحریکِ انصاف کے رہنما و سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے رکاوٹوں کے باوجود عمران خان کے جلسے کی کامیابی پر حکومت پر کڑی تنقید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 2000 افراد گرفتار کیے گئے. 3000 چھاپے پڑے جبکہ اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے نے سیکڑوں نوٹسز بھیج دئیے۔
ٹوئٹر پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ پولیس نے پورا لاہور کنٹینرز سے بلاک کردیا.تمام داخلی راستے بلاک کیے اور پھر بھی عمران خان کا جلسہ ہوا۔ فسطائی سرکار کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور کی عدالت نے عدم پیشی کے باعث پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزراء فواد چوہدری، حماد اظہر اور فرخ حبیب کی عبوری ضمانت مسترد کردی۔
گزشتہ روز عدالت نے انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت پولیس پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے متعلق مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت مسترد کی۔ تینوں رہنما مقدمے کی سماعت کیلئے پیش نہ ہوسکے۔
دریں اثناء زمان پارک ہنگامہ آرائی کیس میں تحریکِ انصاف کے 93 کارکنان کے 50، 50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے جس پر عدالت نے رہائی کا روبکار جاری کردیا۔