پاک بحریہ کا ایرانی ماہی گیروں کیلئے ریسکیو آپریشن، قیمتی جانیں بچا لیں 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک بحریہ نے کھلے سمندر میں ایرانی ماہی گیروں کو بچانے کے لیے کامیاب ریسکیو آپریشن کر کے قیمتی جانیں بچا لیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز نے سمندر میں آتشزدگی کا شکار کشتی کی طرف سے ہنگامی کال کو بروقت مانیٹر کیا اور پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے کھلے سمندر میں آتشزدگی کا شکار ایرانی کشتی کے 8 ماہی گیروں کو بچا لیا۔ پی این ایس یرموک نے کال سنتے ہی انسانی ہمدردی کے تحت انتہائی سبک رفتاری سے موقع پر پہنچ کر کامیاب ریسکیو آپریشن کیا۔ پاک بحریہ کے جہاز نے تمام ماہی گیروں کو کامیابی سے ریسکیو کرنے کے ساتھ ساتھ بے قابو آگ کو بجھانے میں احسن کردار ادا کیا۔ بروقت اور کامیاب ریسکیو آپریشن پاک بحریہ کی سمندر میں ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کا عملی نمونہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کا انسانی ہمدردی کے تحت ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا غماز ہے۔

ای پیپر دی نیشن