اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری کو وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے وفاقی محتسب کی سالانہ رپورٹ پیش کر دی۔ وفاقی محتسب نے 2023ء میں سرکاری محکموں کی بدانتظامی کے خلاف ریکارڈ 194,099 شکایات پر کارروائی کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت سال 2023 ء میں شکایات پرکارروائی میں 18 فیصد اضافہ ہوا، کل شکایات میں سے 193,028 کا ازالہ کیا گیا، سال 2022ء کے مقابلے میں 22 فیصد اضافہ ہوا، وفاقی محتسب نے ملاقات میں صدر مملکت کو محتسب کی کارکردگی اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا، وفاقی محتسب سرکاری محکموں کی بدانتظامی کے خلاف شکایت کنندگان کو فوری اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کر رہا ہے۔ سال 2023ء میں 49,190 شکایات آن لائن موصول ہوئیں۔ گزشتہ سال کی نسبت47 فیصد اضافہ ہوا، موبائل ایپ کے ذریعے 22,321 شکایات موصول ہوئیں۔ سال 2022ء کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ ہوا، محتسب ٹیکنالوجی کی مدد سے مقدمات کا جلد ازالہ کر رہا ہے، دور دراز علاقوں تک رسائی بڑھا رہا ہے۔ نئے علاقائی دفاتر، کھلی کچہریوں، تنازعات کے غیر رسمی حل اور انسپکشن ٹیموں کے دوروں سے شکایات کے ازالے میں مدد ملی، شکایات کے اندراج میں اضافہ ہوا، وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے دفتر نے ریکارڈ 202,367 شکایات پر کارروائی کی۔ صدر مملکت نے وفاقی محتسب کی کارکردگی کو سراہا ، رسائی بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئیوری کوسٹ کوٹ ڈی واغ کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوٹ ڈی واغ کو پاکستانی چاول، طبی و جراحی آلات، ادویات اور کھیلوں کے سامان کی برآمدات بڑھانے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ صدر مملکت کوٹ ڈی واغ (ائیوری کوسٹ) میں پاکستان کے نامزد سفیر محمود اختر محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے کوٹ ڈی واغ کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں۔ نامزد سفیر آئیوری کوسٹ کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات آگے بڑھانے کے مواقع تلاش کریں۔ دریں اثناء صدر نے یوم پاکستان پر پریڈ کا انتظام کرنے والے سویلینز اور فوجی افسروں میں شیلڈز تقسیم کیں۔