پشاور (بیورو رپورٹ) نزلہ، زکام، بخار، کھانسی، سمیت جان بچانے والی مختلف ادویات کی قیمتوں میں 35سے 60فیصد کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نزلہ، زکام، خراب گلا، بخار، کھانسی کے لئے استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں 35سے60 فیصد تک جبکہ ہارمونل میڈیسنز کی قیمتوں میں بھی 50سے 60فی صد تک اضافہ دیکھا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ادویات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے فیصلے کے بعد ادویات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار ادویہ ساز کمپنیوں کو مل گیا ہے جس کے باعث فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے روزمرہ استعمال کی ادویات کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ ذرائع نے بتایا اس فیصلے کے بعد سینیشنل ایسنشل میڈیسنز لسٹ میں شامل صرف 464 ادویات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار حکومت کے پاس ہے جبکہ سینکڑوں روزمرہ استعمال کی ادویات کی قیمتوں کا اختیار ادویات ساز کمپنیوں کے پاس چلا گیا ہے۔ بلڈپریشر کی ایک دوا کی قیمت 1596 سے بڑھا کر 2990 روپے کر دی گئی جبکہ ڈائریاکی دوا کی قیمت 1209 سے بڑھا کر 1703روپے مقرر کی گئی ہے۔ روزمرہ ادویات کے ساتھ ایک ہارمونل میڈیسن کی قیمت 1596 سے بڑھ کر 2990 روپے ہو گئی ہے۔ صارفین نے پین کلرز و دیگر اینٹی بائیٹک ادویات کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ کر دیا ہے۔
نزلہ، زکام، بخار، کھانسی سمیت مختلف ادویات کی قیمتوں میں 60 فیصد تک اضافہ
Mar 26, 2024