پشاور(بیورو رپورٹ+نیٹ نیوز) پشاور کی اپلیٹ ٹربیونل نے رہنما تحریک انصاف اعظم خان سواتی اور مراد سعید کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں سینٹ الیکشن میں جنرل نشست کے لئے اہل قرار دیدیا۔ ٹربیونل نے دلاور خان، روبینہ خالد،فدا محمد اور اظہر مشوانی کی کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف اپیلیں خارج کردیں۔ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اعظم سواتی کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس شکیل احمد نے کی، عدالت نے استفسار کیا کس بنیاد پر آپ کے کاغذات مسترد ہوئے، جس پر اعظم سواتی کے وکیل بیرسٹر وقار نے بتایا اعتراض کنندہ 3 ہیں، 2 ایسے ہیں جو الیکشن میں امیدوار نہیں۔ ایک اعتراض یہ ہے اعظم سواتی نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم نہیں کی اور این اے 15 میں عام انتخابات میں بھی ا نہوں نے یہ فراہم نہیں کی تھی۔عدالت نے ریمارکس دیے غلط بیانی ایک شخص کس لئے کرتا ہے، وہ کوئی فائدہ لینا چاہتا ہے، اگر یہ حلف میں کہتے کہ میرے خلاف کوئی کیسز نہیں ہیں تو پھر بات ہوتی، وکیل اعتراض کنندہ نے عدالت کو بتایا انہیں جن مقدمات کا پتا تھا وہ بھی مینشن نہیں کیے گئے، یہ غلط بیانی کی ہے۔ جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لئے اپیل پر بعد میں فیصلہ جاری کیا جائے گا۔