اسلام آباد+راولپنڈی (وقائع نگار+) اسلام آباد کی عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 4 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدالت میں پیشی کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ضمانت کی درخواستوں میں سابق وزیراعظم و بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دئیے۔ واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کا حکم دیا تھا، تاہم جیل حکام کی جانب سے آج بھی بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک حاضری نہیں لگوائی گئی۔ گزشتہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری نہ لگوانے پر عدالت کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت 498ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں، اہم تنصیبات، نجی و سرکاری املاک کے گھیراؤ جلاؤ اور پولیس افسران و اہلکاروں پر حملوں کے12 الگ الگ مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی ہے جبکہ 9مئی کے واقعہ پر تھانہ سٹی کے مقدمہ میں نامزدشیریں مزاری ، عمر ایوب اور سیمابیہ طاہر ستی کی عبوری ضمانت کی درخواستیں منظورکرلیں، گزشتہ روزجیل ٹرائل کے دوران ملزمان میں مقدمہ کی نقول تقسیم ہونا تھیں لیکن نقول ایک بار پھر تقسیم نہ ہو سکیں جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کر دی ۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے پروڈکشن آرڈر جاری
Mar 26, 2024