کراچی؍ اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری نے اپنا رنگوں بھرا مذہبی تہوار ہولی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ بہار کے موسم کی آمد پر منائے جانے والے ہندوئوں کے مذہبی تہوار ہولی کو رنگوں کا تہوار بھی کہا جاتا ہے، ہولی کی تقریبات دو دن چلتی ہیں، پہلے دن مختلف رسومات ادا ہوتی ہیں اور دوسرے دن رنگ بکھیرے جاتے ہیں، بچے اور بڑے ایک دوسرے پر رنگ پھینکتے ہیں۔ ملک بھر بالخصوص صوبہ سندھ کے علاقوں مٹھی، حیدرآباد، جیکب آباد، تھرپارکر میں ہولی کی تقریب میں ہندوئوں کے ساتھ مسلم برادری کے افراد شرکت کر کے رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کا اظہار کرتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے ہولی کے تہوار پر ہندو اراکین پارلیمنٹ اور ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے ہولی رنگوں، روشنیوں اور امن و آشتی کا تہوار ہے۔ پیر کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس پر مسرت موقع پر ہندو برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔