لاہور+فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف فیصل آباد میں واسا کے ہلاک ہونے والے سیور مینوں کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ واسا فیصل آباد کے آصف مسیح اور شان مسیح سیوریج کی صفائی کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔ مریم نواز شریف نے آصف مسیح کے والد الیاس مسیح اور شان مسیح کے والد مشتاق مسیح سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے متوفی کے بچوں کو گود میں بٹھا کر پیار کیا اور متوفی کی والدہ کو دلاسا دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ واسا کو اپنے سیور مینوں کی حفاظت کے لئے بھرپور اقدامات کرنے چاہئیں۔ پنجاب میں ورکرز کے لئے آکوپیشنل سیفٹی کٹس دی جارہی ہیں۔ ہر ورکر میرے لئے اہم ہے، ہر جان قیمتی ہے۔ محمد نوازشریف نے کہاکہ آصف اور شان کے دوران ڈیوٹی ہلاک ہونے کا بے حد دکھ ہے۔ مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف فیصل آباد میں ریلوے ہاؤسنگ کالونی سمن آباد میں دھاتی تار سے جاں بحق ہونے والے نوجوان آصف اشفاق کی رہائش گاہ بھی گئے۔ مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف نے آصف اشفاق کے والد محمد اشفاق اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔ آصف اشفاق کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرحوم آصف اشفاق کی والدہ کو گلے لگا کر تسلی دی۔ آصف مرحوم کی والدہ نے ہچکیاں لے کر روتے ہوئے کہا کہ ''آصف کی شادی کرنی تھی ''۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز ان کا ہاتھ تھام کر تسلی تشفی دیتی رہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ ماں ہوں اور ماں کے دکھ کو سمجھتی ہوں۔ آصف اشفاق کی دردناک موت پورے معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی تفریح نہیں خونی کھیل بن چکا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے رو کنے کی سماجی ذمہ داری پوری کریں۔ دھاتی تار بنانے، بیچنے اور خریدنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نواز شریف نے سوگوار خاندان کو دلاسہ دیا اورکہا کہ سب ملکر اس جرم کو روکیں، خوفناک ویڈیو دیکھی نہیں جاتی۔ مرحوم آصف اشفاق کے والد اور بھائی نے کہاکہ ’’ہمارا آصف چلا گیا، کسی اور کا آصف نہ جائے‘‘۔ آئی جی پولیس نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈور منگوانے، بیچنے اور خریدنے والے ٹریس ہوچکے ہیں۔ کے پی کے سے پانڈا ڈور سپلائی کی جا رہی تھی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مل جل کر پاکستان کو معاشی مشکلات کے دور سے نکالیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے معاشی بہتری کے لیے عوام دوست فیصلوں کی توقع ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے محمد اورنگزیب کے لئے وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ مریم نواز شریف اور نواز شریف سے ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک سفیر نے مختلف شعبوں میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ ہاؤسنگ، سیاحت، تعلیم، صحت اور ووکیشنل ٹریننگ سمیت دیگر شعبوں میں اشتراک کار کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام ایک دوسرے سے اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات روز افزوں بلندی کی طرف گامزن ہیں۔ پاک ترکیہ تجارتی حجم میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تجارتی، معاشی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں اشتراک کار بڑھانا چاہتے ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز سے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے بھی ملاقات کی۔ مجموعی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو ہولی کے تہوار کی خوشیاں مبارک ہوں۔ ’’ہیپی ہولی‘‘ کے پرمسرت موقع پر ہندو برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد آمد پر سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں نے ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ مریم نواز نے سیورمینوں کے لواحقین کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔
پتنگ بازی خونی کھیل، مریم نواز: سب مل کر روکیں، قائد مسلم لیگ ن
Mar 26, 2024