کوئٹہ (نیٹ نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیف سیکرٹری کو صوبے میں 2 ہزار غیر حاضر اساتذہ کی برطرفی کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعلیم کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ ایک ماہ میں غیر حاضر اساتذہ کو برطرف کر کے رپورٹ پیش کریں، اس کے باوجود اگر کوئی ٹیچر غیر حاضر پایا گیا تو سیکرٹری تعلیم کے خلاف کارروائی ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ محکمہ تعلیم میں کوئی مداخلت نہیں ہو گی۔ میرٹ پر ضلعی تعلیمی افسران لگائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں فی بچے پر ماہانہ 5 ہزار 625 روپے خرچ کیا جا رہا ہے۔ فی بچے پر سالانہ 72 ہزار روپے کے لگ بھگ خرچ آتا ہے۔ اتنے اخراجات میں تو ہر بچہ ملک کے اعلیٰ ترین نجی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کر سکتا ہے۔