کراچی (آئی این پی) انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی آگئی۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 14 پیسے کی کمی ہوگئی، جس سے انٹر بینک میں ڈالر 278 روپے پر آگیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے تبادلہ مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان ہے۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 26 پیسے کمی کے ساتھ 278 روپے 14 پیسے پر بند ہوا۔ جبکہ پورے ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں 64 پیسے کی کمی دیکھی گئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھا 280 روپے 86 پیسے برقرار ہے۔سونے کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے باوجود مقامی سطح پر سونے کے نرخوں میں استحکام ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2ڈالر کے اضافے کے بعد 2187ڈالر کی سطح پر آ گئی۔دریں اثنا عالمی قیمتوں میں اضافے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں پیر کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 228200روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 195645روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔اسی طرح ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2580روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2211.93روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر 14 پیسے سستا
Mar 26, 2024