تربت: پاک بحریہ کے پی این ایس صدیق بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ,4 دہشت گرد ہلاک

تربت میں پاک بحریہ کے پی این ایس صدیق بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے فوری اور بھرپور جواب سے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل (ڈی آئی) خان میں فورسز کے آپریشن میں بھی 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ تربت حملہ ناکام بنانے کی تفصیلات بتاتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں نے 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب تربت میں پاک بحریہ کی بیس، ”پی این ایس صدیق“ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے حملہ کو مؤثر جوابی کارروائی کے ذریعہ ناکام بنایا گیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ سکیورٹی کے جوانوں نے بحریہ اثاثوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشترکہ کلیئرنس آپریشن کو یقینی بنایا گیا، علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بحری دستوں کی مدد کے لیے سکیورٹی فورسز کو متحرک کردیا گیا ہے۔ مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن