سارہ فرگوسن کی کیٹ مڈلٹن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

شاہ چارلس سوم کے چھوٹے بھائی پرنس اینڈریو کی سابقہ اہلیہ اور ڈچز آف یارک سارہ فرگوسن نے مستقبل کی ملکہ کیٹ مڈلٹن میں کینسر کی تشخیص پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

حال ہی میں برطانوی مصنفہ سارہ فرگوسن نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیٹ مڈلٹن کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے ان کی تعریف کی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے پیغام میں لکھا کہ اپنا علاج شروع کرنے پر میری تمام دعائیں اور نیک خواہشات ویلز کی شہزادی کے ساتھ ہیں۔ میں جانتی ہوں کہ ان کے اردگرد ان کے چاہنے والے موجود ہیں، ان کے اہل خانہ کا پیار و محبت ان کے ساتھ ہے اور ہر کوئی ان کے لیے دعا گو ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔

ڈچز آف یارک سارہ فرگوسن نے مزید لکھا کہ گزشتہ چند ماہ سے میں خود کینسر میں مبتلا ہوں اور اس سے لڑ رہی ہوں، اس لیے میں شہزادی کی تعریف کرتی ہوں کہ انہوں نے کس طرح عوام کے سامنے خود اپنے کینسر میں مبتلا ہونے کا اعلان کیا اور یہ بھی جانتی ہوں کہ یہ اس بیماری کے حوالے سے آگاہی پھیلانے میں موٗثر طریقے سے اثر انداز  ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امید کرتی ہوں کہ شہزادی کو اب اپنے علاج کے لیے وقت، وقفہ اور رازداری دی جائے گی۔

خیال رہے کہ سارہ فرگوسن نے جون 2023 میں اپنے چھاتی کے کینسر کی تشخیص کا اعلان کیا تھا جبکہ رواں سال کے آغاز میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں اب کینسر کی دوسری تشخیص، مہلک میلانوما بھی لاحق ہوگئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن