تہران (رائٹرز + اے این این) ایران نے کہا ہے کہ بھارت کے لئے امن گیس پائپ لائن منصوبے میں شمولیت کے دروازے بند نہیں ہوئے‘ معاہدے میں گنجائش موجود ہے‘ بھارت چاہے تو اسے گیس منصوبے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان حسن قشقاوی نے تہران میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران نے گیس پائپ لائن منصوبے کوحتمی شکل دے دی ہے جس پر دستخط بھی ہو گئے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے حتمی معاہدے سے متعلق تفصیلات متعلقہ حکام ہی دے سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت ابتدائی طور پر گیس پائپ لائن منصوبے کا حصہ رہا تاہم بعدازاں وہ خود پیچھے ہٹ گیا تاہم اگر وہ اب بھی اس منصوبے کا دوبارہ حصہ بننا چاہتا ہے تو اس کیلئے دروازے کھلے ہیں۔ آن لائن کے مطابق ایرانی وزیراعظم کے مشیر عاصم حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے پر رسمی دستخط آئندہ دو سے تین ہفتوں میں ہو جائیں گے۔ایرانی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ قیمت‘ قیمتوں پر نظرثانی‘ قیمتوں کا فارمولا اور دیگر امور کو حل کر لیا گیا ہے اور اب تک ایران منصوبے کی 900کلو میٹر پائپ لائن تعمیر کر چکا ہے تاہم دو سو پچاس کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھانا باقی ہے جس پر کام جاری ہے۔