محمکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے اورسندھ کے شہر موئنجوداڑومیں درجہ حرارت چون ڈگری سنٹی گریڈ تک جاپہنچا ہے۔ لاڑکانہ، جیکب آباد، سبی اورپڈعیدن میں درجہ حرارت ترپن سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نوابشاہ میں باون اعشاریہ دو، نورپورتھل میں اکاون، سکھر،دادواوررحیم یارخان میں پچاس، خان پوراوربھکرمیں انچاس اورکوہاٹ میں اڑتالیس سنٹی گریڈ گرمی پڑی۔ لاہور،ملتان اورفیصل آباد میں درجہ حرارت سینتالیس سنٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہرکیا ہے کہ جمعرات کی شام کو ملک کے بالائی علاقوں، بالائی پنجاب اوربالائی پختونخوا میں آندھی اوربارش ہوگی اورگرمی کا زورٹوٹ جائے گا۔ ادھرگرمی بڑھنے کے ساتھ ہی بجلی کی طلب اوررسد میں فرق تین ہزارچھ سواسی میگاواٹ ہوگیا ہے۔ وزارت پانی وبجلی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداواربارہ ہزار پانچ سو پچیس میگاواٹ ہے جبکہ طلب سولہ ہزار دو سوپانچ میگا واٹ تک ریکارڈ کی گئی ۔ ہائیڈل بجلی کی پیداوار چار ہزار آٹھ سو ستاسی میگاواٹ،تھرمل سے دوہزارتین سو چھبیس میگاواٹ ،آئی پی پیز سے پانچ ہزار دو سو سات میگاواٹ اور رینٹل پاور پلانٹس سے ایک سو پانچ میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔ بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کی وجہ سے مختلف شہروں میں چھ سے آٹھ جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ سے سولہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔