عدالتی فیصلے کا خیرمقدم، حافظ سعید محب وطن شہری ہیں: مذہبی و سیاسی رہنما

لاہور (اے این این+ جی این آئی) مختلف مذہبی و سیاسی رہنماﺅں نے حافظ سعید کی رہائی کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر حکومتی اپیلیں مسترد ہونے پر عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ سعید ایک محب وطن شہری ہیں، حکمران اپنے شہریوں پر ظلم نہ کریں، ہماری خوش قسمتی ہے کہ سپریم کورٹ میں آج دیانتدار لوگ بیٹھے ہیں اور ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں۔ ادھر عدالتی فیصلے کا سنتے ہی جماعة الدعوة کے کارکنوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اپنے ردعمل میں جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ پنجاب حکومت نے وہی راستہ اختیار کیا جو مشرف اور زرداری نے کیا۔ سپریم کورٹ کو جرات مندانہ اور منصفانہ فیصلہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہاکہ حکومتی فیصلوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار مجروح ہوا لیکن سپریم کورٹ حکومت کی چال میں نہیں آئی۔

ای پیپر دی نیشن