لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شیخ احمد فاررق کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے کینال موٹر فراڈ کے متاثرین بدرالحسن،شاہ فیصل اور دیگرکی درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اظہرصدیق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈی جی نیب پنجاب رانا زاہد محمود کی مدت ملازمت اکیس اپریل کو ختم ہوچکی ہے تاہم وہ ابھی تک اپنے عہدے پربراجمان ہیں۔سرکاری وکیل نےعدالت کو بتایا کہ رانا زاہد کے کنٹریکٹ کی معیاد ختم ہونے کے بعد ان کے پاس عہدے پر فائز رہنے کا کوئی جواز اور اختیارنہیں ہے۔ دوسری جانب ڈی جی نیب رانا زاہد محمود نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین نیب نے انہیں عبوری طورپر کام کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کررکھا ہے۔ فاضل عدالت نے قرار دیا کہ عہدے کی معیاد ختم ہونے کے باوجود کس قانون کے تحت ان کا تقررکیا گیا جس کے بعد فاضل عدالت نے ڈی جی نیب پنجاب رانا زاہد محمود کو کام کرنے سے روک دیا ۔