چنیوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ ایبٹ آباد اورمہران نیول بیس جیسے واقعات میں مسلح افواج کی کمزوریاں سامنے آئیں تاہم زندہ قومیں اپنی کوتاہیوں پر قابو پانا جانتی ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، جو قوتیں اس کے ایٹمی اثاثوں پرقبضہ کرنا چاہتی ہیں وہ جان لیں کہ ہم سیسہ پلائی دیوارثابت ہوں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ اڑھائی برسوں میں ان کی حکومت سےغلطیاں ہوئیں تاہم ذاتی طورپران کے خلاف ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوگی۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اغیار کی چاپلوسی کرنے والوں نے قومی غیرت کومٹی میں ملادیا، ایسے لوگوں کو سڑکوں پر گھسیٹنے کا وقت آگیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، ترکی، ایران اورچین پاکستان کے سچے دوست ہیں، جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، ان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر چنیوٹ میں مختلف منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔