اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور چین کے اشتراک سے بننے والے لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری میں بہت سارے ممالک نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات پاکستان ائیرناٹیکل کمپلیکس کے چیئرمین ائیر مارشل سہیل گل خان نے ایک چینی روزنامے کو دیئے گئے انٹرویو میں بتائی ہے ۔ائیر مارشل سہیل گل خان نے کہا کہ ہمیں جے ایف 17 تھنڈر کے بارے میں بہت سارے ملکوں سے اظہاردلچسپی کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ ان ممالک میں مشرقی وسطیٰ ‘ افریقہ اور حتیٰ کہ جنوبی امریکہ کے بہت سارے ممالک شامل ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر ایک انتہائی اہلیت کا حامل طیارہ ہے جس کی پرواز اور ایویانکس کی صلاحیت انتہائی جدید ترین ہے انہوں نے کہا کہ بہت سارے ممالک کے دورے کے دوران وہاں کے حکام نے ان سے اس طیارے کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور بعض ممالک کی جانب سے اس منصوبے میں شمولیت کی بھی خواہش ظاہر کی گئی ائیر مارشل سہیل گل خان نے مزید بتایا کہ پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس میں اب تک چالیس سے زائد جے ایف 17 تھنڈر طیارے تیار کئے گئے ہیں اور اب بھی پاکستانی اور چینی ماہرین ان طیاروں کے جنگی اور ہوا بازی کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے کام میں مصروف ہیں۔