کراچی (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات مثبت رہی ہے۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت میں دوبارہ ہماری اتحادی بن جائے تاہم سندھ حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ الطاف حسین کریں گے۔ لندن سے کراچی پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن میں الطاف حسین سے ملاقات کے دوران میں نے صدر آصف علی زرداری کی جانب سے انتخابات میں ایم کیو ایم کی کامیابی پر مبارکباد دی اور اس ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کی قیادت کو سندھ حکومت میں شامل ہونے کے حوالے سے دعوت دی ہے تاہم اس کا فیصلہ الطاف حسین کریں گے۔ اس ملاقات میں اتفاق ہوا ہے کہ دونوں جماعتیں ملک میں جمہوری نظام کو مستحکم بنانے اور کراچی میں قیام امن کیلئے مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔ کراچی میں قیام امن سمیت ملک کو دیگر مسائل سے نکالنے کیلئے پیپلز پارٹی تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ پیپلز پارٹی شہید بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی جاری رکھے گی۔
چاہتے ہیں متحدہ پھر اتحادی بنے، فیصلہ الطاف حسین کریں گے: رحمن ملک
May 26, 2013