گرمی اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ کے بعد عدالتی اہلکاروں نے بھی ”فیس“ بڑھا دی

May 26, 2013

لاہور (شہزادہ خالد) گرمی اور لوڈ شیڈنگ میں اضافے نے عدالتی اہلکاروں کی” فیس“ میں اضافہ کردیا ہے۔ ماتحت عدالتوں کے تعمیل کنندہ پہلے 100 یا 50 روپے میں نوٹس کی تعمیل کرانے روانہ ہوجاتے تھے، اب انہوں نے اپنی فیس بڑھا کر 500 سے ایک ہزار تک کردی ہے۔ متعدد سائلوں نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کی عدالتوں میں روزانہ ہزاروں سائل آتے ہیں جو پہلے ہی ملکی عدالتی نظام سے بیزار ہیں، تھانوں میں لٹنے کے بعد انصاف کیلئے عدالتوں کا رخ کرتے ہیں۔ عدالتوں میں دیوانی دعوے سالہا سال چلتے ہیں اور عدالتوں میں آتے ہیں تو یہاں کے درخت بھی پیسے مانگتے ہیں۔ گذشتہ روز سول جج عمران شیخ، شیر عباس اعوان، ایڈیشنل سیشن جج وسیم الرحمان خاکوانی و دیگر رخصت پر جانے والے ججوں کی عدالتوں میں آنے والے سائلوں کا کہنا تھا کہ وہ دور دراز سے آئے ہیں اور یہاں آ کر پتہ چلا کہ 20 سے زائد جج صاحبان کا تبادلہ ہو گیا ہے اور متعدد چھٹی پر ہیں جس وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایوان عدل کی ہر عدالت میں روزانہ ایک سو سے زیادہ کیسوں کی سماعت ہوتی ہے جس سے جج صاحبان پر بھی کام کا بے انتہا بوجھ پڑ گیا ہے۔

مزیدخبریں