لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران شاہ کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز کے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اہم ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے جس طرح کی سہولیات مہیا کی ہیں ان کی مدد سے اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کوچ شہناز شیخ، معاون کوچ شفقت ملک، ابو زر امراو کیمپ میں بڑی محنت کے ساتھ کھلاڑیوں کو ایشین گیمز کی تیاری کرا رہے ہیں جس کے اچھے نتائج حاصل ہونگے۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن بنانے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ گول کیپنگ کوچ ابو زر کیمپ میں شامل تمام گول کیپرز پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔ آج کے جدید کھیل میں گول کیپرز کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ بہترین تیاری کے ساتھ میگا ایونٹ میں جائیں اور ٹائٹل کا دفاع کریں۔ شہناز شیخ کی نگرانی میں جاری کیمپ میں کھلاڑیوں کو بہترین کھیل کا ماحول فراہم کیا گیا ہے جس کی بنا پر تمام کھلاڑی پوری توجہ کے ساتھ اپنے کھیل میں بہتری لانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول اور سیکرٹری رانا مجاہد کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان ٹیم کی ایشین گیمز میں شرکت کر یقینی بنایا۔