خضدار : لیویز چیک پوسٹ پر حملہ‘ 8 اہلکار جاں بحق‘ چارسدہ میں فائرنگ پولیس کے دو جوان مارے گئے

کوئٹہ+ چارسدہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) خضدار میں قومی شاہراہ پر سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، فائرنگ اور دستی بم حملے کے نتیجے میں دو لیویز حوالداروں سمیت 8 اہلکار جاں بحق اور 3زخمی ہو گئے۔ حملہ آور سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ انتظامیہ نے لیویز اہلکاروں کو وڈھ اور خضدار ہسپتال منتقل کردیا۔ مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ اتوار کی صبح خضدارکی تحصیل وڈھ سے چند کلومیٹر فاصلے پر قومی شاہراہ پر واقع وھیر جور لیویز چیک پوسٹ پر عین اس وقت نامعلوم افراد نے حملہ کردیا جب وہاں چیک پوسٹ عملہ اور لیویز فورس کی گشتی ٹیم موجود تھی، حملہ اتنا منظم تھاکہ لیویز اہلکار سنبھل بھی نہیں سکے، دستی بم حملوں اور فائرنگ سے 6لیویز اہلکار  موقع پر موقع پر جاں بحق اور 5لیویز اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی لیویز اہلکاروں میں سے 3لیویز اہلکاروں کو وڈھ ہسپتال جبکہ 2زخمی اہلکاروں کو خضدار ہسپتال پہنچا یا گیا  تاہم وڈھ ہسپتال منتقل کئے جانے والے لیویز اہلکاروں میں سے 2زخمی بعدازاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ وڈھ انتظامیہ کے مطابق جاں بحق لیویز اہلکار عبدالہادی ولد محمد رفیق، نصیراحمد ولدصالح محمد، حوالدار گل محمد ولد امام بخش، محمد کریم ولد عید محمد، عبدالشکور ولد امیر بخش، حوالدار ظفراللہ ولد محمد یوسف، دھنی بخش ولد کریم بخش ساکنان وڈھ ہیں۔ وڈھ انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں گہرام، محمد حسن ولد عبدالعزیز اور اللہ بخش شامل ہیں۔ سیکرٹری داخلہ بلوچستان اکبر درانی نے واقعہ میں آٹھ اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کیلئے کارروائی شروع کر دی تاہم اب تک کسی بھی قسم کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔ علاوہ ازیں چارسدہ شبقدر چوک میں ڈیوٹی پر موجود دو پولیس اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے‘ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب‘ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں دو پولیس اہلکار شہریار اور ایاز شبقدر چوک میں ڈیوٹی پر موجود تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس اہلکار شہریار اور ایاز موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری شبقدر چوک پہنچ گئی، آنے جانے والے راستے سیل کر دیئے اور مختلف جگہوں پر چھاپے مارے۔ تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...