پاکستانی ٹیم کی جیت پر جشن کا تنازعہ میرٹھ یونیورسٹی انتظامیہ نے 57 کشمیری طلبا کی معطلی ختم کردی

May 26, 2014

میرٹھ (آئی این پی) میرٹھ کی ایک نجی یونیورسٹی میں زیر تعلیم 10 کشمیری طالب علموں کو جنہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کی خوشی منانے کے قضیئے میں پھنسنے کے بعد یونیورسٹی سے خارج کردیا گیا تھا ان کے اخراج کو انتظامی کمیٹی نے خراب چال چلن کی وجہ سے درست قرار دیدیا ہے تاہم دوسرے 57 کشمیری طالب علموں کی معطلی کو رد کر دیا ہے۔ اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق تنازعہ کے دو مہینے کے بعد اس یونیورسٹی میں کشمیری طالب علموں کے معاملے پر بنائی گئی انتظامی کمیٹی کی رپورٹ جاری کی ہے جس نے ان طالب علموں کو قصور وار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یونیورسٹی کی املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔ وائس چانسلر پروفیسر منظور احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ کمیٹی نے ان دس طالب علموں کے ساتھ جن 57  طالبعلموں کیخلاف کارروائی کی تھی ان کی معطلی اب ختم کر دی گئی ہے تاہم نکالے گئے دس طالب علم اپنے پنے امتحان دے رہے ہیں امتحانات ختم ہونے پر وہ گھر واپس بھیج دیئے جائیں گے۔ وائس چانسلر نے صحافیوں کو بتایا کہ نکالے گئے طلبہ کے امتحانات ختم ہونے پر انہیں مائیگریشن سرٹیفکیٹ جاری کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں