اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کی جیلوں میں سزا پوری کرنے کے باوجود 362 غیر ملکی ابھی تک پابند سلاسل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے غیر ملکی قیدیوں سے متعلق سینٹ میں تفصیلات جمع کرا دی ہیں ۔ فراہم کردہ اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی جیلوں میں موجود قیدیوں میں سے 117 کا تعلق بنگلہ دیش سے‘ 50 کا تعلق افغانستان سے 41 کا تعلق بھارت سے‘ 40 نائیجریا‘ 28 کا تعلق برطانیہ‘ 7 جنوبی افریقہ اور آٹھ کا زمبابوے سے ہے اس کے علاوہ زمبیا اور نیپال سے تعلق رکھنے والے 12 قیدی بھی شامل ہیں۔ چین‘ ناروے‘ مالی‘ میکسیکو‘ روس‘ عراق‘ جرمنی‘ برونائی‘ کیمبیا‘ گنی‘ کینیڈا‘ ایران اور چین کا ایک ایک قیدی بھی شامل ہیں۔ سرکاری دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ سندھ سب سے زیادہ غیر ملکی قیدیوں کی مہمان نوازی کر رہا ہے جن کی تعداد 267 ہے جو کراچی اور حیدر آباد کی جیلوں میں ہیں۔
پاکستان کی جیلوں میں سزا پوری کرنے کے باوجود 362 غیر ملکی پابند سلاسل ہیں: سرکاری اعداد و شمار
May 26, 2015