ملتان (آئی این پی) ملتان میں تیزاب گردی کیس میں معاف نہ کرنے پر ملزمان نے ایک بار پھر دو بھائیوں پر تیزاب پھینک دیا۔ تیزاب سے متاثرہ دونوں بھائیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ شجاع آباد کے علاقہ راجہ رام میں پیش آیا جہاں گھر کے صحن میں سوئے دو بھائیوں 18 سالہ مجاہد اور 4 سالہ سعید پر فرمان اور اس کے ساتھی تیزاب پھینک کر فرار ہو گئے ہیں جنہیں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق سعید 30 فیصد جبکہ مجاہد 50 فیصد سے زائد جھلس گیا۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ملزم فرمان نے چند ماہ قبل اسی خاندان کی ایک اور خاتون جاوید بی بی پر بھی تیزاب پھینکا تھا جو نشتر ہسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔ فرمان جیل سے رہا ہونے کے بعد صلح کے لئے دبائو ڈال رہا تھا انکار پر اس نے دوبارہ تیزاب گرا دیا۔ پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔