کوئٹہ+ پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے تین واقعات میں ہزارہ برادری کے 3 افراد سمیت 4 جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے جبکہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 8 روز کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد دم توڑ گئے۔ مہمند ایجنسی میں گھر پر حملے اور 4 بم دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق اور 2 اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی دوپہر کوئٹہ کے علاقے قندھاری بازار میں واقع دکان پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص محمد انور ہزارہ کو ہلاک جبکہ محمد اعظم کو زخمی کردیا، اسکے تھوڑی ہی دیر بعد جناح روڈ سلیم کمپلیکس میں بھی نامعلوم افراد نے اندھا دھندفائرنگ کردی جس سے ہاشم ہزارہ اور عبدالحکیم ہزارہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 خواتین سمیت 4 افراد بی بی فاطمہ، بی بی قمر، محمد داود اور نصراللہ زخمی ہوگئے۔ اسکے بعد نامعلوم افراد نے جناح روڈ پر ہی زہری مسجد کے قریب فائرنگ کردی جس سے 4 افرادمحمد ایاز، حاجی باقر، عباس زخمی ہوگئے زخمیوں اور نعشوں کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پہنچادیا گیاجہاں ایک زخمی عباس ولد اعظم علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ہلاک ہونے والوں میں 3کا تعلق ہزارہ برادری سے بتایا جاتا ہے۔ کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے ٹارگٹ کلنگ کے 3 مختلف واقعات کے بعد شہرمکمل طورپر بند ہوگیا اور لوگ خوف کے مارے اپنے گھروں کو چلے گئے جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ کوئٹہ شہر میں حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کرتے ہوئے شہر میں فرنٹیر کور اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر 8 روز کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پرامن رہیں حکومت انہیں مکمل تحفظ فراہم کریگی، شہر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں پے درپے دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہے ایک سازش کے تحت کوئٹہ کے حالات کراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہم دہشت گردوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں، ہم انہیں حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں د یں گے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بے گناہ افراد کا قتل قابل مذمت ہے دہشت گردی میں ملوث عناصر کیخلاف بھر پور کارروائی کی جائیگی۔ صوبائی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد امن و امان کی بحالی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جو ملک دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہورہے۔ علاوہ ازیں مغربی بائی پاس پرہزارہ برادری نے احتجاجاً کوئٹہ چمن شاہراہ کو بلاک کردیا جبکہ کبیر بلڈنگ کے قریب مسجد پر فائرنگ کے بعدلوگوں نے جناح روڈ پر احتجاج کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ شہرمیںٹارگٹ کلنگ کے واقعات کانوٹس لے لیا جبکہ بلوچستان شیعہ کانفرنس نے کوئٹہ میں ہونیوالے واقعات کیخلاف آج کوئٹہ شہر میں شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کردیا۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان کے فوارہ چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ادھر مہمند ایجنسی میں ایک گھر پر حملے اور چار بم دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق اور دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق تحصیل حلیم زئی کے علاقے درپہ خیل میں نامعلوم افراد نے حاجی بغداد شاہ کے مکان پر شدید فائرنگ کی جس میں اسکا بھانجا جمیل جاں بحق ہوگیا۔ اس واقعہ کے بعد سکیورٹی اہلکار جائے واردات کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں دو دھماکے ہو گئے۔ یہ دھماکے ریموٹ کنٹرول سے کئے گئے۔ دھماکوں میں دو سکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک کیپٹن اور ایک صوبیدار شامل ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ان دھماکوں کے وقت سابق سینیٹر کی گاڑی بھی ادھر سے گزر رہی تھی لیکن اہلکاروں کے مطابق ان کی گاڑی پر براہ راست کوئی حملہ نہیں ہوا۔ اس کے علاوہ مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں زیارت کے مقام پر امن کمیٹی کے سابق سربراہ کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد اسی مقام پر دوسرا بم دھماکہ بھی ہو گیا ان دھماکوں میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے پانچوں افراد کا تعلق سابق امن کمیٹی سے تھا۔ ادھر پشاور کے علاقہ یکہ توت میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن میں پاک فوج کے جوانوں، لیڈیز پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ نے بھی حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران غیرقانونی مقیم ایک افغان، این او سی کے بغیرمقیم41 کرایہ داروں کو گرفتارکر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار مشتبہ افراد سے تفتیش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد ابرار شاہ کو گرفتار کر لیا ہے ملزم کالعدم تنظیم کا اہم رکن اور متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔
کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ، ہزارہ برادری کے 3 افراد سمیت 4جاں بحق: مہمند ایجنسی میں فائرنگ ، 4 بم دھماکے، ایک شخص مارا گیا، 7 زخمی
May 26, 2015