لاہور (اپنے نامہ نگار سے)این اے 122 کے بعد پی پی 147کی فرانزک رپورٹ بھی الیکشن ٹربیونل میں جمع کرا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 40155 ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ لاہور میں الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم ملک نے پی پی 147میں دھاندلی کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ ٹربیونل کے روبرو نادرا نے پی پی147کے 117پولنگ سٹیشنز کی تحقیقات کرکے 400 صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ ذرائع کیمطابق رپورٹ میں 40ہزار 155 ووٹوں کی تصدیق نہ ہونے کے بارے میں کہا گیا ہے۔ 3ہزار 6 سو تراسی بیلٹ پیپرز پر ووٹرز کے شناختی کارڈ نمبر غلط نکلے ہیں، 138کاؤنٹرز فائلز پر شناختی کارڈ نمبر درج ہی نہیں۔ 81ووٹرزکے ڈبل شناختی نمبر درج کیے گئے تھے، 134ایسے ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے جو پی پی 147کے حلقہ میں رجسٹرڈ ہی نہیں ہیں۔ 474 ووٹرزکے کاؤنٹرز فائلز پر انگوٹھے کے نشانات ہی موجود نہیں، کل ووٹوں میں سے صرف 24ہزار 139 ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق ہو سکی ہے۔ ٹربیونل نے نادراکی رپورٹ کے بعد آج ڈی جی نادرا کو بیان قلمبند کرنے کیلئے طلب کر لیا ہے۔